کاروار :5؍دسمبر (ایس اؤ نیوز)مراٹھا ابھی وردھی نگم کی تشکیل کی مخالفت میں مختلف تنظیموں سے اعلان کئے گئے سنیچر بند کاضلع میں کوئی خاص اثر دیکھنے نہیں ملا۔ ضلع میں بند صرف احتجاج کی حد تک محدود تھا۔
کاروار کے سبھاش سرکل پر جمع ہوئے کرناٹکا رکشھنا ویدیکے کے کارکنان نے حکومتی فیصلے کی مذمت کی اور سرکل سے ڈپٹی کمشنر دفتر تک ریلی نکالی۔ اس موقع پر ویدیکے کے ضلعی صدر بھاسکر پٹگار نے بات کرتےہوئے کہاکہ مراٹھا ابھی وردھی نگم کی تشکیل صرف سیاسی چال ہے، انہوں نے الزام لگایا کہ ایک طبقے کو غیر اخلاقی اور غیر دستوری طورپر لبھانے کی یہ سازش ہے۔
ایم ای ایس، شیو سینا ، این سی پی جیسی سیاسی پارٹیاں ریاستی سرحد پر مراٹھیوں اورکنڑیگاس کے درمیان نفرت پیدا کرنےکاکام کررہی ہیں، یہ کام پچھلے کئی دہائیوں سے چل رہاہے، ان حالات میں نگم کی تشکیل کی ضرورت ہی کیا تھی۔ نگم کی تشکیل سےپہلے وزیراعلیٰ کو چاہئے تھا کہ وہ کنڑا تنظیموں کو اعتماد میں لیتے، لیکن ایسا نہیں کیاگیا ہے، صرف اقتدار کے نشےمیں یہ پالیسی اختیار کی گئی ہے، بھاسکر پٹگار نے مطالبہ کیا کہ مراٹھا نگم کو رد کریں اور جو بھی رکن اسمبلی کنڑا تنظیموں کے متعلق ایسی ویسی باتیں کہے تو ان کےخلاف کارروائی کی جائے۔ احتجاج میں سیکڑوں کارکنان شریک تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کے توسط سے وزیر اعلیٰ کو میمورنڈم سونپاگیا۔